۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
پوروانچل

حوزہ/ پیغمبر اسلام کی ذات با برکات سے نفرت و عداوت رکھنے والا شخص انسان نہیں بلکہ شیطان ہے کیونکہ قرآن کریم میں پروردگار عالم کے ارشاد گرامی کے مطابق آپ تمام دنیائے انسانیت کے لئے رسول بنا کر بھیجے گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مبارکپور،اعظم گڑھ ہندوستان/ پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والا عالمین کا مجرم ہے کیونکہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قرآن مجید کے اعلان کے مطابق عالمین کے لئے رحمت ہیں۔پیغمبر اسلام کی ذات با برکات سے نفرت و عداوت رکھنے والا شخص انسان نہیں بلکہ شیطان ہے کیونکہ قرآن کریم میں پروردگار عالم کے ارشاد گرامی کے مطابق آپ تمام دنیائے انسانیت کے لئے رسول بنا کر بھیجے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مجمع علماءوواعظین پوروانچل کے ارکان مولانا ابن حسن املوی واعظ سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو،مولانا مظاہر حسین پرنسپل مدرسہ باب العلم،مولانا عرفان عباس امام جمعہ شاہ محمد پور،مولانا ناظم علی واعظ خیر آبادی،مولانا شمشیر علی مختاری کو پاگنجی،مولانا سید محمد مہدی اعظم گڑھ وغیرہ نے ایک مشترکہ احتجاجی بیان میں کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم نوپور شرما،نوین جندل وغیرہ ایسے گستاخان ِ رسولؐ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔اورحکومت سے احتجاج و مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح مسلمانوں کی بھلائی کے بہانے ان کی منشاء کے خلاف تین طلاق بنانے میں سرعت اور تیزی سے کام کیا گیا اسی طرح مسلمانوں کے مقدس مذہبی پیشواؤں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانون بنایا جائے۔

مسلمانوں کے مقدسات کے خلاف ہندوستان میں نفرت انگیز ی کی جو آندھی سی چل پڑی ہے اس سے عالمی سطح پر ہندوستان کی بدنامی و رسوائی ہو رہی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ارباب اقتدار کی خاموشی پر مبنی سیاسی پالیسی ہے جس سے ملک کے اندر شر پسندوں کو پوری شہ مل رہی ہے۔آخر میں کہا گیا ہے کہ بر وقت نوپور شرما،نوین جندل وغیرہ ایسے گستاخان ِ رسول ؐ کو گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید کردیا جائے جن کی وجہ سے ملک کے امن و امان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .